• news

ہاکی : پاکستان بھارت کو اس کی سرزمین پر ہرا کر16 برس بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا، کھلاڑیوں کا گرائونڈ میں جشن

لاہور/ اسلام آباد/ بھونیشور (نمائندہ سپورٹس+ خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر) پاکستانی شاہینوں نے روایتی حریف بھارت کو اسی کی سرزمین پر دھول چٹا دی۔ سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دیکر 16 سال بعد فائنل کھیلنے کا اعزازحاصل کرلیا۔ قومی ٹیم فائنل آج جرمنی کیخلاف کھیلے گی۔ ارسلان قاد ر کو 2 گول کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں جشن منایا اور شرٹس اتار کر گرائونڈ میں بھنگڑے ڈالے، گرین شرٹس 10 مرتبہ چیمئپنئز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے، تین مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور چھ مرتبہ دوسری مرتبہ پوزیشن حاصل کی، 2012ء میں بھارت کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر صدر، وزیراعظم، چاروں وزرائے اعلیٰ و گورنرز اور سیاسی پارٹی کے رہنمائوں نے مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ٹیم نے سیمی فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا امید ہے آئندہ بھی ایسے ہی پرفارمنس کا مظاہرہ کریگی۔ ٹیم کی جیت موجودہ حالات میں عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستانی شاہینوں نے ایشین گیمز میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا بدلہ بھی چکا لیا۔ محمد ارسلان قادر نے میچ کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ارسلان قادر نے 2 گول سکور کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، محمد وقاص اور محمد عرفان نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ شاندار کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑی سجدہ ریز ہوگئے۔ گرین شرٹس کی روایتی حریف بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار فتح کے بعد ملک بھر میں شائقین ہاکی نے جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ بھونیشور میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا، گرین شرٹس نے آخر دم تک ہمت نہ ہاری۔ میچ کے پہلے کوارٹر کے 12 ویں منٹ میں بھارتی کھلاڑی گرجندر سنگھ نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلائی جو پہلے کواٹر تک برقرار رہی، دوسرے کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں پاکستان کے ارسلان قادر نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا جو دوسرے کوارٹر کے ختم ہونے تک برقرار رہا۔ تیسرے کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں پاکستان کے محمد وقاص نے گول کر کے ٹیم کو روایتی حریف کے خلاف 2-1 گول کی برتری دلا دی لیکن 38 ویں منٹ میں بھارت کے دھرمویر سنگھ نے گول کر کے ایک بار پھر مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ 44 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد عرفان نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن اسی منٹ میں بھارت کے چندانا نے گول کر کے مقابلہ پھر 3-3 گول سے برابر کر دیا جو تیسرے کوارٹر تک برقرار رہا۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو آیا اور میچ کے 59 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد ارسلان قادر نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو 4-3 گول کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ بھارت آج تک چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا فائنل نہیں کھیل سکا۔ سیمی فائنل میں مین آف دی میچ قرار پانے والے ارسلان قادر نے جیت کی خوشی میں سجدہ شکر ادا کرتے ہوئے کہا یہ ہماری محنت کا صلہ ہے۔ ہم انشاء اللہ جرمنی سے بھی جیتیں گے۔ اس شاندار فتح پر تمام پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے چیمپنئز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر فائنل میں پہنچنے پر قومی ہاکی ٹیم کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے وہ پہلے بھی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کرچکے ہیں، ملک ریاض نے مزید اعلان کیا ہے،۔قومی ٹیم چیمئنز ٹرافی کا فائنل جیت گئی تو وہ ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام دینگے۔ قومی ٹیم کی کامیابی پر عمران خان، شجاعت حسین، الطاف حسین، خورشید شاہ، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ، راجہ ظفر الحق اعتزاز احسن، سراج الحق، بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری، اسفند یار ولی نے بھی قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی۔ اسلام آباد سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق بھارت کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی نے پورے پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ نوجوان سڑکوں پر باہر نکل آئے اور بازاروں میں عوام نے گلے ملکر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ منچلے نوجوانوں نے موٹر سائیکلوں کے سائلنسر نکال کر راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر ون ویلنگ کی اور بگل باجوں کے ساتھ ڈانس کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔ فیض آباد برج کے نیچے بڑی تعداد میں موٹر سائیکل سواروں نے ریلی نکالی اور جونہی وہ ون ویلنگ کرنے لگے‘ اسلام آباد پولیس کی ویگنیں وہاں پہنچ گئیں جنہیں دیکھتے ہی نوجوان موٹرسائیکلسٹ تتر بتر ہو گئے۔ آئی این پی کے مطابق ملک بھر میں فتح کا جشن منایا گیا اور بھنگڑے ڈالے گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم کی جیت پر بھارتی شائقین کو سانپ سونگھ گیا، ان کے رنگ اُڑ گئے اور سٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا جبکہ ہار برداشت نہ ہوئی تو بھارتی میڈیا نے پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن پر اعتراض شروع کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے ناروا سلوک پر پاکستانی ہاکی مینجمنٹ نے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔ چیف کوچ ہاکی ٹیم شہناز شیخ نے کہا ہے بھارتی میڈیا بلاوجہ تنازعہ بنا رہا تھا اس لئے بائیکاٹ کیا۔ بعض بھارتی صحافیوں نے بدتمیزی کی حد پار کر دی۔ بھارتی صحافیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن منانے کے انداز پر اعتراض کیا، ہم نے پاکستانی کھلاڑیوں کی نادانستہ غلطی پر معذرت بھی کی تھی، صحافیوں نے بھارتی کرائوڈ سے بدتمیزی کا الزام بھی لگایا۔ لاہور سے نمائندہ سپورٹس کے مطابق پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے، اسے نظرانداز کرنا حکمرانوں نے اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے۔ یہی روش سرکاری اداروں کی ہے جو قومی کھیل کو ہر قیمت نظرانداز کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان کی قومی ٹیم بھارت میں 35ویں مینز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سیمی فائنل میں شکست دی۔ ستم ظریفی یہ ہے پی ٹی وی سپورٹس نے قومی کھیل کے میچز براہ راست دکھانے کا کوئی انتظام نہیں کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، شائقین ہاکی اور قارئین نوائے وقت نے فون کالز کے ذریعے سرکاری ٹی وی کی اس بے حسی پر احتجاجی پیغامات نوٹ کرائے اور فاش غلطی پر ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن