• news

نوشہرہ: دریائے سندھ کے کنارے 6 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد

نوشہرہ (بی بی سی ڈاٹ کام) خیبر پی کے کے ضلع نوشہرہ میں 6 نامعلوم افراد کی نعشیں دریا کنارے پر پڑی ملیں جنہیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ ڈی پی او نوشہرہ ربنواز خان نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ روز نواحی علاقے نظام پور میں دریا کے کنارے چھ افراد کی نعشیں پڑی ہوئی تھیں جنہیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر لگتا ہے کہ نعشیں پانی میں کسی اور علاقے سے بہہ کر آئیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مرنے والے افراد کون ہیں اور انہیں کس وجہ سے ہلاک کیا گیا ہے۔ پولیس افسر کے مطابق مقامی انتظامیہ نے نعشیں تحویل میں لے کر شناخت اور پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیں۔ ہسپتال میں موجود صحافیوں نے بتایا ہے کہ نعشوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ مرنے والے افراد غیرملکی افغانی لگتے ہیں جنہیں ہفتے کی صبح یا جمعہ کے روز ہلاک کیا گیا۔ انکی عمریں 20 سے 40 سال کے لگ بھگ ہیں اور بعض کی داڑھیاں ہیں جبکہ بعض بغیر داڑھی کے تھے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل رسالپور سے بھی 5 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں ملی تھیں جنہیں انکے ورثاء شناخت کر کے لے گئے تھے تاہم گذشتہ روز ملنے والی نعشوں کی شناخت نہ ہو سکی۔

ای پیپر-دی نیشن