• news

دھرنے، کنٹینرز والے صرف جھوٹی تقریریں اور بدزبانی کرسکتے ہیں: نثار

راولپنڈی (آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دھرنے اور کنٹینرز والے صرف جھوٹی تقریریں، الزام تراشیاں اور بد زبانی کر سکتے ہیں، اگر پی ٹی آئی میں اہلیت ہوتی، تو اپنے بلند و بانگ دعوئوں کا 10 فیصد عکس ہی کے پی کے میں دکھا چکی ہوتی، انکے پاس الف لیلیٰ کی کہانیاں سنانے کے علاوہ اور کوئی اہلیت نہیں البتہ سیاست میں انہوں نے بدتمیزی، بد زبانی اور گالی گلوچ کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں، قوم کو ایک سراب کے پیچھے لگانے کی کوشش کی ہے، عوام کی خدمت انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) ہی کریگی۔ اپنے حلقے این اے 53 52/ میں مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریبات اور عوامی اجتمات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں متعدد بار تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی، کئی سال بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی، یہ بات عیاں ہو جانی چاہئے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت مشکل معاشی اور اقتصادی حالات کے با وجود عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ پچھلے چند ماہ میں یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ دھرنے والوں کی منفی سیاست کے مقاصد کیا ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کہاں کھڑی ہے۔ وہ پورے ملک کو توڑ پھوڑ اور ہنگامی سیاست سے بند کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے تمام راستے بند ہو جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقی اور خوشحالی کے راستوں کو کھولنا چاہتی ہے تاکہ پاکستان مضبوط اور خوشحال ملک بن سکے۔ میں یقین سے کہتا ہوں انشاء اللہ پاکستان کو بند کرانے کی خواہش رکھنے والوں کو اپنے مذموم ارادوں میں ناکامی ہو گی، کامیابی انہی کی ہو گی جو دن رات اس کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن