• news

عامر خان نے امریکی باکسر کو ہرا کر سلور ویلٹر ویٹ ٹائٹل جیت لیا

لاس ویگاس (این این آئی+ نوائے وقت نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے امریکی باکسر ڈیون الیگزینڈر کو سخت مقابلہ کے بعد شکست دے کر سلور ویلٹر ویٹ ٹائٹل جیت لیا، عامر خان نے پوائنٹس کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی اور ایونٹ میں تین ججز پر مشتمل جیوری نے متفقہ فیصلہ دیا۔ جبکہ عامر خان نے کہا ہے کامیابی پر اللہ تعالیٰ کاشکر گزار ہوں، یہی کارکر دگی رہی تو 2015 کا مقابلہ میرے لئے مشکل نہیں ہوگا۔ اتوار کو امریکہ کے شہر لاس ویگاس کے ایم جی ایم ایرینا میں ہونے والی فائٹ میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ عامر خان نے پہلے راو¿نڈ سے ہی اپنے امریکی حریف پر تابڑ توڑ حملے شروع کئے جو آخری راو¿نڈ تک جاری رہے۔ دونوں باکسرز کے درمیان بارہ راﺅنڈ ہوئے۔ امریکی باکسر ڈیون الیگزینڈرکا سکور 109،110 اور 108 رہا تاہم تینوں ججز نے متفقہ فیصلے دیتے ہوئے عامر خان کو 119، 118 اور 120 پوائنٹس دیئے۔ جیت کے بعد عامر خان کے حامیوں نے پاکستانی نژاد باکسر کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ عامر خان نے اعلان کیا وہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عامر خان مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا عامر خان کی کامیابی پر دلی خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا عامر خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے مخالف باکسر کوشکست دی۔ مزید برآں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی عامر خان کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔آن لائن کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاس ویگاس میں سلور لائٹ ویلٹر ویٹ مقابلے میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
عامر خان

ای پیپر-دی نیشن