تحریک انصاف، حکومت ٹکرائو سے جمہوریت کو نقصان ہو سکتا ہے: ایاز پلیجو
میرپور خاص (نوائے وقت رپورٹ) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے سندھ اور ملک کا امن خراب کرنا عالمی ایجنڈا ہے ملک کا مستقبل خطرے میں ہے خدا کیلئے ایک دوسرے کا خون بہانا بند کریں۔ میرپورخاص اور حیدر آباد میں سندھی بیداری مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھی اور اردو بولنے والے ایک گلدستے کے پھول ہیں ان کے مفادات مشترکہ ہیں حکومت کی مدت 5 سال سے کم کرکے 3 یا 4 سال کردی جائے سیاسی ٹکرائو سے بچا جائے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے دوبارہ مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے کہ انہیں چاہئے کہ بات چیت کو نتیجہ خیز بنائیں اور شفاف الیکشن کے لئے انتخابی اصلاحات کو یقینی بنایا جائے‘ پیپلزپارٹی‘ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے پاس عوامی مسائل کا حل نہیں‘ عالمی طاقتیں خیبر پی کے اور بلوچستان کے بعد سندھ میں ٹکرائو کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ سندھ میں بسنے والی تمام قومیتیں اپنے باہمی اتحاد کے ذریعے عالمی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں گی‘ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے انہیں لاپتہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانا درست نہیں ہے‘ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو چاہئے کہ 15 دسمبر کو تحریک انصاف کے ساتھ ٹکرائو سے بچا جائے تاکہ فیصل آباد جیسا واقعہ پیش نہ آئے جبکہ تحریک انصاف کی قیادت کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے کارکنوں کو قابو میں رکھے جس طرح انہوں نے کراچی میں کیا اور ایسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش نہ کی جائے جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو‘ انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعت کے وزراء بھی غیر سنجیدہ بیانات دے رہے ہیں جس سے لاہور میں ٹکرائو نظر آرہا ہے اگر حکومت پنجاب نے عقل کا دامن نہ چھوڑا تو تصادم نہیں ہوگا۔