ہڑتال، احتجاج سے ہر شخص متاثر ہوتا ہے، عمران کو سیاسی شہید نہیں بننے دینگے: اسفند یار
مردان (آئی این پی + این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ عمران خان سب کچھ ہو سکتا ہے، سیاستدان نہیں، عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، ہڑتال اور احتجاج سے ہر شخص متاثر ہوتا ہے، لاہور میں راستے بند ہونے سے عوام کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، دعا ہے کہ (آج) پیر کو لاہور میں بھی ایسا ہی پرامن دن گزرے جیسا کراچی میں گزرا تھا۔ وہ گزشتہ روز مردان میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان انا کے خول کو توڑ کر مذاکرات کی میز پر آئیں، ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے۔ کپتان کے احتجاج اور دھرنوں سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دھرنے کی وجہ سے آئی ڈی پیز کا مسئلہ پیچھے چلا گیا ہے۔ آئی ڈی پیز نے ملک کیلئے گھر بار چھوڑا، اب نہ ان پر وفاقی حکومت توجہ دے رہی ہے اور نہ ہی صوبائی حکومت ان کیلئے کوئی اقدامات کر رہی ہے۔ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان نے کے پی کے کی عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کریں۔ ایک سچا سیاستدان کبھی بھی عوام کو مشکلات میں نہیں ڈالتا بلکہ مشکلات سے نکالتا ہے۔ اسفند یار نے مزید کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کے لئے دونوں فریقوں کو انا اور ضد چھوڑنا ہوگی۔ عمران خان سیاسی نزع میں ہے اور ان کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ امن کی خاطر جانوں کی قربانیوں کے لئے تیار ہیں، صوبائی حکومت اے این پی کے ورکروں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کردیں ورنہ اقتدار میں آکر سود سمیت انہیں حساب دینا ہوگا اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہیں اور کامیابی کے لئے دونوں فریقوں کو اپنی انا اور ضد چھوڑنا ہوگی۔ عمران خان کہتے ہیں کہ خیبر پی کے میں کسی بھی حلقے کو کھولا جاسکتا ہے، ہم کسی حلقے کو نہیں کھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر کپتان نے پختونوں کو دھوکہ دیا، انہیں نئے پاکستان کا جھانسہ دیا لیکن کسی نے عمران خان سے نہیں پوچھا کہ وہ کس قسم کی تبدیلی لا رہے ہیں۔ عمران خان پرانے پاکستان کی بنیادیں ہلا رہے ہیں۔