پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام نوجوانوں کی ہلاکتوں کیخلاف امریکہ بھر میں مظاہرے جاری
نیویارک/بوسٹن (آن لائن/اے ایف پی) امریکہ میں پولیس کے تشدد سے نہتے سیاہ فام افراد کی ہلاکتوں کے حالیہ واقعات کے خلاف دارالحکومت واشنگٹن سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ واشنگٹن کے علاوہ نیویارک اور بوسٹن میں نکالی جانے والی بڑی احتجاجی ریلیوں میں شدید سردی کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں سفید اور سیاہ فام دونوں شامل تھے۔مظاہرین نے بینر اور بڑے بڑے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’سیاہ فام لوگوں کی زندگی پر بھی فرق پڑتا ہے‘ ’نسل پرست پولیس کو روکو‘ اور ’میں سانس نہیں لے سکتا‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ واشنگٹن کے مظاہرے میں مقتول ایرک گارنر کے اہل خانہ کے علاوہ مائیکل براؤن نامی سیاہ فام شہری کے رشتہ دار بھی شامل تھے۔