• news

تحریک انصاف کی ہڑتال کے باعث آمد مؤخر‘ ہاکی ٹیم آج بھارت سے وطن پہنچے گی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ہاکی چیمپئن شپ میں سلور میڈل  حاصل کرنیوالی قومی ہاکی ٹیم آج بروز منگل واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس پاکستان پہنچے گی۔ میگا ایونٹ میں روایتی حریف بھارت کی ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی بنا پر قومی کھلاڑیوں کا پرتباک استقبال کیا جائے گا۔ ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول چوہدری اور سیکرٹری رانا مجاہد سمیت پی ایچ ایف کے دیگر عہدیدار واہگہ بارڈر پر قومی ہیروز کا استقبال کریں گے جہاں سے انہیں جلوس کی شکل میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم تک لایا جائیگا۔ پی ایچ ایف  کے سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 16 برس کے طویل عرصے کے بعد قوم کو خوشخبری سنائی جس پر ٹیم منجمنٹ سمیت تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم نے گذشتہ روز آنا تھا لیکن تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے ہاکی فیڈریشن نے روک دیا تھا۔ قبل ازیں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی جانب سے قومی ٹیم کے اعزاز میں گذشتہ روز عشائیہ دیا گیا جس میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے علاوہ ہائی کمشن کے عملہ نے اپنے اہلخانہ کے ساتھ شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن