• news

طاہر القادری اشتہاری قرار، جہاں بھی ہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے: انسداد دہشت گردی عدالت

راولپنڈی + لاہور (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ + خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے طاہرالقادری کو اشتہاری قرار دے دیا ہے  اور حکم دیا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ جہاں بھی ہیں گرفتار کیا جائے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عبدالقیوم نے موٹروے پر پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں درج مقدمے کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے عدم پیشی پر طاہرالقادری کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عوامی تحریک کے 76 کارکنوں کی ضمانتوں کیلئے درخواست منظور کرلی گئی ہے دوسری جانب عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے طاہر القادری کے حوالے سے اشتہاری قرار دئے جانے کی خبروں پر تبصرہ کرتے کہا ہے حکومت کی طرف سے سربراہ عوامی تحریک کو جھوٹے اور شرمناک مقدمات میں ملوث کیا گیا ہے۔ پولیس کی مدعیت میں درج کئے گئے یہ تمام لغو مقدمات بالآخر اپنے انجام کو پہنچیں گے اور فتح حق اور سچ کی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن