• news

خدارا! پاکستان کے نام پر ایک ہو جائیں‘ اختلافات کے بت پاش پاش کرنا ہونگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں دنیا کی تاریخ کا دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہوا ہے جس میں معصوم بچوں سمیت متعدد افراد کی جانیں گئی ہیں۔ پشاور سے لے کر کراچی تک ہر پاکستانی دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر غمزدہ ہے جن سفاک درندوں نے معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں وہ اور ان کے سرپرستوں کو ایسی عبرتناک سزا ملنی چاہیے کہ وہ عمر بھر یاد رکھیں۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، 18کروڑ عوام اس دلخراش واقعہ پر رنجیدہ اور غمزدہ ہیں۔ میری عمران خان، مولانا فضل الرحمن، الطاف حسین، اسفند یار ولی، محمود اچکزئی، مولانا سمیع الحق، سراج الحق اور تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں سے دردمندانہ اپیل ہے کہ خدارا  پاکستان کے نام پر ایک ہوجائیں۔ ذاتی انا اور اختلاف کے بت پاش پاش کرنا ہونگے۔ قوم اتحاد اور یگانگت کے ساتھ افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں اور ملک سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ کردیں۔ وہ گزشتہ روز  پشاور کے المناک واقعہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور شہریوںنے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔ اس جنگ میں پاک افواج کے افسران اور جوانوں کے علاوہ ان کے بچوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ میری پوری قوم، سیاسی، مذہبی اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں سے اپیل ہے کہ یہ وقت اتحاد اور یگانگت کا ہے آپس کے اختلافات ختم کر کے پاکستان کی خاطر یکجان دوقالب ہو جائیں۔ میرے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں جن کے ذریعے میں تاریخ کے اس بدترین واقعہ پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کر سکوں۔ میں نہیں سمجھتا کہ دنیا کی تاریخ میں اتنا بدترین دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہو جس میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ پورا پاکستان غمزدہ اور ہر آنکھ اشکبار ہے، پوری قوم کی ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام بھی شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس المناک واقعہ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ پوری قوم کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کے نمبر ون دشمن دہشت گردی اور انتہاپسندی ہے جس کے خاتمے کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا، اتحاد اور یگانگت اپنانا ہوگی۔ قائد ؒ اور اقبال ؒ کے پاکستان کو آگے لے جانے کا واحد راستہ دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔  قومی یکجہتی اتحاد اور اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، دلخراش اور افسوسناک واقعہ کے بعد اختلافات کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک افواج نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ پشاور سکول میں دہشت گردی کا واقعہ آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہوسکتا ہے۔ ہمیں ملک کو بچانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف اتحاد کی قوت سے لڑنے کا صرف ایک ہی ایجنڈا اپنانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے خیبر پی کے کے گورنر اور وزیراعلیٰ کو ٹیلی فون کر کے پنجاب حکومت اور عوام کے اس المناک واقعہ کے بارے میں جذبات او راحساسات پہنچائے ہیں اور انہیں ہرممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ پشاور میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ خیبر پی کے حکومت کو ڈاکٹروں، نرسوں ، ادویات اور جس قسم کے تعاون کی ضرورت ہے ہم حاضر ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور ہم سب کو مل کر اتحادکی قوت سے دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ  آئندہ نسلوں کو پرامن اور محفوظ پاکستان دے سکیں۔ سیاسی اور ذاتی انا اور خواہشات سے بلند ہو کر ہمیں ملک وقوم کے مفاد کو سامنے رکھ کر یکجہتی کا مظاہر ہ کرنا ہے اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ سیاسی جنگ تو ہوتی رہے گی لیکن آج ہمیں پاکستان کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے حکمران اور اپوزیشن جماعتوں سمیت سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ اپنے اختلافات  پس پشت ڈال کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے یک نکاتی  ایجنڈے پر اکٹھے ہو جائیں۔ شہباز شریف  نے مزید کہا کہ میں پاکستان کے تمام سیاسی رہنمائوں اور سول  سوسائٹی  کو ہاتھ جوڑ  کر درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان کی جنگ متحد ہو کر لڑنے کا فیصلہ کریں تاکہ ملک کے 18 کروڑ عوام کو دہشت گردی سے نجات مل سکے۔ دہشت گردی پاکستان کی دشمن  نمبر  ایک ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی  کے خلاف سب متحد  نہ  ہوئے، اتحاد  و یگانگت نہ دکھائی  تو دہشت گردی  خدانخواستہ  ہمیں اور پاکستان کو ختم کر دے گی۔ ہم نے قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ  کے پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔ اس کے لئے ہمیں دہشت گردی  کے خاتمے کے یک نکاتی  ایجنڈے پر ہمیں متحد ہونا ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے  کسی اور سوال کا جواب دینے سے گریز  کیا اور کہا کہ جتنی قومی یکجہتی  اور اتحاد  و اتفاق کی آج ہمیں  ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں  نے  عمران خان  سمیت ملک کے سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنمائوں کے نام لے کر اپیل کی سب کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ   جیتنا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے  اعلان کیا ہے کہ آج بدھ  کو لاہور  میں سانحہ  پشاور کے شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ  ادا کی جائے گی تاہم اس کے مقام اور وقت کا تاحال  اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے نوائے وقت کو بتایا کہ  غائبانہ نماز جنازہ  کے وقت اور مقام کا اعلان میڈیا کے ذریعے کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں  شہباز شریف  سے گزشتہ روز وفاقی وزیر  فوڈ سکیورٹی سکندر بوسن نے ملاقات کی۔ ملاقات  میں ملک کی صورتحال اور سانحہ پشاور پر بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی  نے ملک کو بے پناہ  نقصان پہنچایا ہے پشاور میں معصوم زندگیوں  سے کھیلنے  والے انسان نہیں درندے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ علاوہ ازیں  شہباز شریف  نے گوجرانوالہ  کے سینئر صحافی  مرزا شبیر  بیگ کے انتقال  پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں  شہباز شریف  نے چھانگا مانگا  کے نواحی گائوں آہلووال میں ساتویں جماعت کی طالبہ  کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی خبر کا نوٹس  لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے واقعہ  کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن