تاجر‘ کلرک آج ملک گیر ہڑتال‘ وکلا عدالتوں کا بائیکاٹ کرینگے
لاہور+کراچی+فیصل آباد+اسلام آباد+گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر+کامرس رپورٹر+وقائع نگار خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) سانحہ پشاور کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر کی تاجر تنظیموں‘ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن‘ پاکستان بار کونسل‘ سپریم کورٹ بار‘ پنجاب بار کونسل‘ لاہور ہائیکورٹ بار نے آج بدھ کو مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اور عدالتوں کے بائیکاٹ‘ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ لاہور ڈویژن صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن اور اس میں شامل 50تنظیمیں بھی کاروبار بند رکھیں گی۔ آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ) کے صدر اشرف بھٹی اور لاہور کے صدر میاں طارق فیروز‘ آل پاکستان انجمن تاجران (خالد پرویز گروپ) کے صدر خالد پرویز و جنرل سیکرٹری عبدالرزاق ببر‘ آل پاکستان انجمن تاجران (نعیم میر گروپ) کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے سوگ میں آج پاکستان بھر کی مارکیٹیں اور بازار بند رہیں گے۔ مختلف مقامات پر شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ایپکا پنجاب کے صدر ظفر علی خان نے کہا ہے کہ ایپکا شہید بچوں‘ ٹیچرز کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ علاوہ ازیں لاہور بار ایسوسی ایشن نے آج جنرل ہاؤس کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ سیکرٹری جنرل لاہور بار چودھری سلیم لادی اور سیکرٹری قسیم اسلم ہنجرا نے کہا کہ سانحہ پشاور پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں اور اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے‘ کم ہے۔ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل برہان معظم ملک‘ شفقت محمود چوہان صدر لاہور ہائیکورٹ بار‘ عامر جلیل صدیقی‘ میاں محمد احمد چھچھر سیکرٹری اور میاں محمد اقبال نے کہا کہ شہید بچے ہمارے بچے ہیں اور پاکستان کا سرمایہ تھے۔ سکیورٹی کے ناقص انتظامات ہونے کی بناء پر یہ وقوعہ پیش آیا جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی ساری توجہ اپنے اپنے اقتدار کو تحفظ اور طول دینے اور باہمی تنازعات کی طرف ہے اور عوام کا اللہ ہی حافظ ہے۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی زیرصدارت اجلاس میں دہشت گردی کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس چودھری مختار کی زیرصدارت ہوا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری طارق نبیل‘ صدر ملک شوکت‘ سلطان محمود بچو‘ سراف گل‘ علیم بٹ اور مرزا ارشد بیگ سمیت دیگر موجود تھے۔ تین روزہ سوگ میں گاڑیوں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی۔ گوجرانوالہ میں مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر و سٹی صدر گوجرانوالہ خواجہ تنویر اشرف نے تاجر برادری کے ایک اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر حافظ بدرمنیر‘ جنرل سیکرٹری فیاض بٹ‘ نائب صدر شیخ افضل جج‘ نائب صدر ثناء الحق میر‘ نائب صدر شیخ فرقان‘ ڈپٹی سیکرٹری رانا نعیم‘ جائنٹ سیکرٹری میاں اکرم‘ صدر بنک اسکوائر میاں فضل الرحمن‘ میر اعظم‘ میجر (ر) انجم بٹ‘ بشارت بٹ و دیگر بھی موجود تھے۔