• news

سانحہ پشاور: عوامی تحریک نے آج‘ تحریک انصاف نے کل ہونیوالا ملک گیر احتجاج مؤخر کر دیا

اسلام آباد + لاہور (نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) سانحہ پشاور پر پاکستان عوامی تحریک نے آج 17دسمبر اور تحریک انصاف نے کل 18دسمبر کو ہونے والے ملک گیر احتجاج کو موخر کر دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن نے اتفاق رائے سے مذاکرات بھی موخر کر دئیے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی شیریں مزاری نے کہا ہے کہ احتجاج کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اور تمام کارکن شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دونوں جماعتیں چند روز بعد احتجاج کی نئی تاریخوں کا اعلان کرینگی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات موخر کر دئیے۔ منگل کو مقامی ہوٹل میں مذاکرات ہونا تھے۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات دوبارہ چند روز بعد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جے یو آئی ف نے سانحہ پشاور کی وجہ سے 19دسمبر جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کو ملتوی کر دیا ہے یہ اعلان سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے پارٹی رہنمائوں مولانا محمد امجد خان، محمد اسلم غوری سے گفتگو میں کیا۔ جے یو آئی کی مرکزی شوریٰ نے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن