غیرمعیاری فلموں میں کام سے بہتر ہے گھر بیٹھے رہیں : نرما
لاہور (سیف اللہ سپرا) معروف فلمسٹار نرما نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری نہیں چھوڑی‘ صرف غیرمعیاری فلموں میں کام کرنا چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غیرمعیاری فلموں میں کام کرنے سے بہتر ہے کہ آدمی گھر بیٹھا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی اور تھیٹر پر کام کر رہی ہوں۔ ماڈلنگ بھی جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ نرما نے مزید کہا کہ اب اچھی فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں۔ کچھ فلموں میں کام کی آفرز بھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کوانٹٹی کی کوالٹی کو ترجیح دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میری فلموں کی کامیابی کا تناسب زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کامیاب فلموں میں بازی گر‘ عاشقی کھیل نہیں‘ ڈریم گرل‘ شرارت‘ راجہ پاکستانی‘ قرض‘ نکاح‘ دل میں چھپا کے رکھنا‘ ایک اور لو سٹوری‘ غدار‘ انگارے‘ نو پیسہ نو پرابلم‘ کہاں ہے قانون‘ آگ کا دریا‘ خانزادہ‘ باغی‘ دولت‘ نگرام‘ غازی علم الدین شہید‘ بہرام ڈاکو‘ بغاوت‘ عاطف چودھری‘ اللہ رکھا‘ چن مہر‘ ارائیں دا کھڑاک‘ لاج‘ یہ وعدہ رہا‘ شیر پاکستان شامل ہیں۔ نرما نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے فنی زندگی کا آغاز ٹیلیویژن سے کیا۔ میرا پہلا ٹی وی ڈرامہ رنجش تھا۔ اس کے علاوہ میرا ڈرامہ دو چاند بھی بہت مقبول ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فلموں میں مجھے اعجاز درانی نے اپنی فلم بازی گر سے متعارف کرایا۔ یہ فلم سپرہٹ ہوئی۔ اس کے علاوہ ”فرض“ فلم بھی بہت مقبول ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل زیادہ تر سٹیج ڈراموں میں کام کر رہی ہوں۔ حال میں الفلاح تھیٹر پر سٹیج ڈرامہ کیا ہے جو لوگوں نے بہت پسند کیا۔