• news

سانحہ پشاور سے اسمبلی اجلاس کے شرکا بھی دل گرفتہ، کنول نعمان دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں، زعیم قادری آبدیدہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سانحہ پشاور سے پورا ملک سوگ میں ڈوب گیا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنیوالے ارکان اسمبلی بھی دل گرفتہ نظر آئے۔ حکومتی خاتون رکن اسمبلی کنول نعمان دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں جبکہ حکومتی ترجمان زعیم حسین قادری کی آنکھیں بھی بھر آئیں۔ تین روز کے بعد شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنیوالے تمام ارکان اسمبلی نے سانحہ پشاور کی شدید مذمت اور اس پر افسوس کا اظہار کیا۔ کئی ارکان اسمبلی اس سانحہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ حکومتی خاتون رکن اسمبلی کنول نعمان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پی ٹی آئی کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی ترجمان سید زعیم حسین قادری کی آنکھوں میں بھی آنسو آگئے۔
ارکان اسمبلی/ آبدیدہ

ای پیپر-دی نیشن