پاکستان کا نیوزی لینڈ کیخلاف چوتھا ون ڈے شہداء پشاور کے نام
لاہور+ ابوظہبی ( سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس +نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ہونے والے چوتھے ون ایک روزہ میچ کی آمدن سانحہ پشاور میںشہید ہونے والوں کے خاندانوں اور آرمی پبلک سکول کی تعمیر نو کے لئے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی ترجمان آغا اکبر کے مطابق پاکستان اے اور کینیا کی ٹیموں کے مابین آج ہونے والا چوتھا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا۔پہلی ملالہ انڈر 21 ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل بھی ملتوی کر دیا ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ پشاور کے شہدا کے نام کردیا گیا ہے۔ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل سٹیڈیم میں بھی سانحہ پشاور کا غم نمایاں دکھائی دیا جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مصباح الحق سے سانحہ پشاور پر اظہار افسوس کیا جب کہ میچ شروع ہونے سے قبل 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ‘اس موقع پر احمد شہزاد سمیت کئی کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے۔فاتحہ خوانی کی گئی۔ شائقین نے شہید بچوں کی یاد میں پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔یونس خان نے مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ پر پوری قوم ٹیم غمزدہ ہے۔ دل خون کے آنسو ررہا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے چیف اگیزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے پشاور سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے دل بھی غمزدہ ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ قومی سانحے میں تمام کھلاڑی افسردہ ہیں اور بچوں کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔قومی ٹیم کے منیجر معین خان نے کہاہے کہ خبر سے پوری ٹیم کو دھچکا لگا ہے۔ ٹیم میں سوگ کی کیفیت ہے۔ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے لواحقین سے ہمدردی ہے اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمرا ن نے کہاہے کہ دکھ کی گھڑی میں ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سابق انگلش بلے بازکیون پیٹرسن نے حادثے کو المناک قراردیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہارکیا۔