سینما گھروں کی قلت‘ 3 کا افتتاح آج کروں گا : ضوریز لاشاری
لاہور (سیف اللہ سپرا) پاکستان فلم ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ضوریز لاشاری نے کہا ہے کہ کہ ملک میں سینما گھروں کی شدید قلت ہے۔ اس قلت کے پیش نظر میں نے ایجرٹن روڈ پر واقع لکس گرینڈ ہوٹل میں تین نئے سینما گھر بنائے ہیں جن کا افتتاح آج 18 دسمبر کو کیا جا رہا ہے اور 19 دسمبر کو ان سینما گھروں میں نئی فلمیں دکھائی جائیں گی جن میں ایک فلم عامر خان کی پی کے اور دوسری فلم دی ہوبورٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تنی نئے سینما گھر بنائے ہیں جن میں سے ایک تھری ڈی ہے جس کی 120 نشستیں ہیں۔ خوبصورت ہال ہے‘ جدید ساؤنڈ سسٹم اور مشینری نصب کی گئی ہے۔ نیا فرنیچر نصب کیا گیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر اچھا ماحول ہو تو لوگ سینما گھروں میں ضرور آئیں گے۔ ایک زمانہ تھا کہ ملک میں 1200 سینما گھر تھے اب صرف 120 ہیں جن میں 65 سینما گھر جدید سہولتوں سے آراستہ ہیں۔ اگر فلم انڈسٹری کو ترقی دینا ہے تو جدید سہولتوں سے آراستہ سینما گھر بنانا ہوں گے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ اب ملک بھر میں جدید سینما گھر بننا شروع ہو گئے ہیں۔ امید ہے کہ سینما گھروں کی قلت جلد ختم ہو گی۔