سانحہ پشاور : لاہور آرٹس کونسل‘ پی ٹی وی سنٹر میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی
لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل (الحمرائ) نے سانحہ پشاور کی وجہ سے تمام سرگرمیاں جن میں میوزیکل کلاسیکی شوز، الحمراء تھیٹر ڈرامے ، الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ شامل ہیں سمیت ہر طرح کے پروگرام18 دسمبرتک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایگز یکٹوڈائر یکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطاء محمد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی سفاکیت و بر بر یت کے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے شہید بچوں کے ایصال ثواب کیلئے الحمراء آرٹس کونسل میں فا تحہ خوانی کروائی۔سانحہ پشاور کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے پی ٹی وی سنٹر پر دعائے مغفرت ہوئی جس میں ایگزیکٹو پروگرام منیجر بشارت احمد خان‘ سینئر نیوز ایڈیٹر فیاض احمد وڑائچ‘ اتحاد یونین کے سرپرست اعلیٰ جہانگیر خان‘ پی آر او حیات سیف سمیت پی ٹی وی کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سانحہ پشاور کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ سانحہ پشاور کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے آج سہ پہر 3 بجے ایورنیو سٹوڈیو میں دعا ہو گی اور شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔ دعا میں فلم انڈسٹری کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔