بچوں کو شہید کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، افغان حکومت فضل اللہ کو پاکستان کے حوالے کرے: جاوید ہاشمی
ملتان (سپیشل رپورٹر) سابق صدر تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر مخدوم سید جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ دہشت گرد بندوق کے ذریعے اپنا نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں مگر پوری قوم آج ان کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹ گئی ہے۔ مولوی فضل اللہ مولوی نہیں صرف دہشت گرد ہے۔ افغان حکومت اسے پاکستان کے حوالے کرے وہ صرف پھانسی کا مستحق ہے۔ سقوط ڈھاکہ کے دن بچوں کو شہید کرنے والے اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے زیر اہتمام سپورٹس گراؤنڈ میں غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہں نے مزید کہا کہ ہم شرمندہ ہیں کہ ہم اپنے بچوں اور اساتذہ کی حفاظت نہیں کر سکے۔ یہ بچے قوم کے معمار اور مستقبل کے جنرل تھے۔ انہیں ظالموں نے سفاکی سے شہید کیا۔ سانحہ پر پوری قوم افسردہ ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سربراہوں کو ان کی سفاک حرکت کی کڑی سزا ملنی چاہیے۔