بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے سانحہ پشاور کو بدترین دہشت گردی قرار دیدیا
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے سانحہ پشاور کو بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آچکا یا دہشت گرد پاکستان پر حاوی ہوجائیں یا ہم ان کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے اس ملک کی سلامتی کو بحال رکھیں، موسیٰ سٹیڈیم میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کمانڈنٹ سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ‘ آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد ‘ آئی جی پولیس بلوچستان محمد عملیش ودیگر نے شرکت کی۔ ‘ سپیکر بلوچستان اسمبلی جام محمد جمالی‘صوبائی وزیر قانون و اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال ‘ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ‘ سردار اسلم بزنجو ‘ مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو ‘ رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود خان سمیت دیگر ارکان اسمبلی سول و فوجی افسران اور مختلف سکولوں کے بچے شریک ہوئے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے کہا کہ آج ہم اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہمیں یہ فیصلہ کر لینا ہوگا کہ یا تو دہشت گرد پاکستان پر حاوی ہوجائیں یا بحیثیت قوم ہم سب ملکر پاکستان کو مستحکم کریں پشاور میں رونما ہونے والا واقعہ انتہائی دلخراش ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے رکن صوبائی اسمبلی رحیم زیارتوال نے کہا کہ ہم اس المناک واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے درد میں برابر کے شریک ہیں۔ اس وقت چاروں صوبائی اسمبلیاں اور وفاق ایک بیچ پر ہیں کہ ہم سب نے ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں دراصل دہشت گرد اپنے وحشیانہ عوامل سے قوم کا مورال کم کرنا چاہتے ہیں۔