پروین رحمن قتل کیس، پولیس رپورٹ مسترد، سربمہر لفافے میں پیش کی جائے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں کراچی کی سوشل ورکر پروین رحمن قتل سوموٹو کیس کی سماعت میں عدالت نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس آئندہ اپنی تفتیشی رپورٹ سربمہر لفافے میں عدالت میں پیش کرے جبکہ کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو ڈی آئی جی سی آئی ڈی نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تفتیشی رپورٹ پیش کی جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف جسٹس نے کہا کوئی نئی چیز سامنے نہیں آئی ہے اصل ملزمان کا کوئی سراغ ملا؟ اس پر ڈی آئی جی نے بتایا کہ مرکزی تین ملزمان کے بارے معلوم ہوا ہے کہ وہ ملک کے مختلف شہروں میں فیڈرل گورنمنٹ اور مقامی پولیس کے ساتھ چھاپے بھی مارے ہم پرامید ہیں عدالت دو ماہ کی مہلت دے جس پر عدالت نے مذکورہ حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔