اقوام متحدہ میں حق خودادرادیت پر پاکستانی حمایت یافتہ قرارداد متفقہ منظور
نیو یارک ( نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی حمایت میں ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ اور مﺅثر ضمانت کیلئے حق خودارادیت کو لوگوں کا بنیادی حق تسلیم کیا ہے ۔ 81 ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی ۔ قرار داد کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا ۔ قرار داد کی عبارت جنرل اسمبلی کی ثقافتی ، انسانی اور سماجی امور پر قائم تیسری کمیٹی نے بنائی ۔ سفارتکاروں کے مطابق اس قرار داد سے دنیا کی توجہ کشمیر اور فلسطین کے عوام سمیت لوگوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد پر مبذول کرانے میں مدد ملے گی ۔ قرار داد میں دوسرے علاقوں میں مداخلت کرنے دیگر علاقوں پر قبضہ کرنے یا ان علاقوں میں ظلم وستم پر مبنی کارروائیاں کرنے والے ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی جارحانہ کارروائیوں سے باز آئیں ، اسمبلی میں ہیومن رائٹس کونسل سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق بالخصوص حق خودارادیت کی خلاف ورزیوں پر خصوصی توجہ دے ۔ غیر ملکی افواج کی مداخلت اور قبضوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے ۔ قرار داد میں اس حوالے سے جنرل اسمبلی کا ایک اور اجلاس بلانے کی استدعا بھی کی گئی ۔