• news

کوئٹہ: تحریک طالبان کے 6 دہشت گرد گرفتار، اسلحہ و بارود برآمد

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں حساس اداروں نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد تحریک طالبان پاکستان کے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ وزیرستان میں جاری آپریشن کے بعد تحریک طالبان پاکستان کے کچھ دہشت گرد تخریب کاری کی غرض سے کوئٹہ میں داخل ہوئے ہیں جہاں وہ حساس اداروں اور اہم عمارتوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اے ٹی ایف اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد تحریک طالبان پاکستان کے 6دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن میں 4 پاکستانی اور 2 ازبک باشندے ہیں۔ گرفتار ہونے والے افراد کے قبضے سے بھاری تعداد میں دستی بم ، گولہ بارود ،اسلحہ ،اہم سرکاری عمارتوں کے نقشے اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والے دیگر آلات برآمد کرلئے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے نواحی علاقے لکپاس کے قریب مستونگ روڈ پر نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے ایک پل کے نیچے 30 کلو وزنی بم لگا رکھا تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ ادھر مسلم باغ کے علاقے سے لیویز نے 3 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں قبضے میں لے لیں۔ لیویز کے مطابق تینوں افراد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ نصیر آباد کے علاقے سے پولیس نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دھماکہ خیز مواد اور ایمونیشن قبضے میں لے لیا۔

دہشت گرد گرفتار

ای پیپر-دی نیشن