فرانس: تھانے پر حملہ کرنیوالا مسلمان شخص مارا گیا، نعرہ تکبیر لگا کر 3 ساتھی زخمی کئے: پولیس اہلکار
پیرس (بی بی سی اردو) فرانس کے شہر ٹور میں ایک شخص کو اسوقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب اس نے پولیس پر چاقو سے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص نے ٹور کے پولیس سٹیشن میں ’’نعرہ تکبیر‘‘ بلند کیا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق حملہ آور افریقی ملک برونڈی میں پیدا ہوا لیکن فرانسیسی شہری تھا۔ پہلے بھی مختلف جرائم میں سزا کاٹ چکا ہے۔ انسداد دہشت گردی یونٹ کا عملہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔ واضح رہے 2012ء میں فرانسیسی مسلمان محمد مرع نے تولوز میں سات افراد کو ہلاک کیا تھا۔ پولیس نے اس کے فلیٹ کا محاصرہ کیا تھا اور 32 گھنٹے کے محاصرے کے بعد پولیس نے اسکو مار دیا تھا۔