کراچی میں 2بھائیوں سمیت مزید 6افراد کی ٹارگٹ کلنگ، طالبان کمانڈر ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو سگے بھائیوں سمیت 6 افراد ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کھوکھرا پار میں موٹرسائیکل سواروں نے مٹھائی کی ایک دکان پر فائرنگ کر دی جس سے دکان میں موجود دو بھائی 36 سالہ تنویر حشمت اور 34 سالہ توصیف حشمت ہلاک اور کمسن بچے 12 سالہ اذان کے علاوہ ایک شخص 35 سالہ منور زخمی ہوگیا۔ ادھر بلدیہ ٹاﺅن کے علاقے جنید اللہ گوٹھ میں دو افراد کی نعشیں ملیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ دونوں مقتولین کی عمریں30 اور 35سال کے درمیان تھیں تاہم شناخت نہیں ہوسکی اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کراچی کے قریب سے ایک نوجوان کی نعش ملی جسے ہلاک کرنے کے بعد شناخت مٹانے کے لئے جلا دیا گیا تھا۔ مزید برآں نیپئر کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں فائرنگ سے 20 سالہ شائستہ خان زخمی ہوگیا۔ رسالہ کے علاقے میں 10 سالہ شاہ زیب اور نارتھ کراچی پاور ہاﺅس کے نزدیک 20 سالہ اقبال زخمی ہو گیا۔ رینجرز نے بلدیہ ٹاﺅن اور گلشن بونیر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 8مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ٹی ٹی پی سوات گروپ کا کمانڈر امجد عرف ساجد لنگڑا مارا گیا جبکہ ایک رینجرز اہلکار زخمی ہو گیا۔