دھند برقرار، حادثات میں 3افراد جاں بحق، پروازوں کا شیڈول متاثر
لاہور/ اسلام آباد/ کراچی/ بہاولپور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہا، نظام زندگی مفلوج ہوگیا، لاہور ائرپورٹ پر دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن کئی گھنٹے معطل کرنا پڑا جبکہ پروازوںکا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا۔ دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہونے سے مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق، 38 افراد زخمی ہو گئے جبکہ موٹروے کو بھی کئی گھنٹے بند رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو شدید دھند کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 38 زخمی ہو گئے۔ راجن پور میں گوٹھ مزاری کے قریب انڈس ہائی وے پر دھند کے باعث مسافر کوچ الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے، بہاولپور میں اوچ شریف کے قریب دھند کے باعث وین اور بس میں تصادم کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ رحیم یار خان میں دھند کے باعث ٹریلر اور موٹر سائیکل میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ پنوں عاقل میں بھی دھند کے باعث قومی شاہراہ پر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔ شدید دھند کے باعث پی آئی اے سمیت دیگر نجی ائر لائنز کی اندرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار رہیں ۔لاہور میں فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ ننکانہ سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شدید سردی اور دھند کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر ہوا، ٹریفک کے بہاﺅ میں بھی کمی رہی جبکہ لوگ گھروں میں دبک کر رہ گئے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق چنیوٹ میں سردی اور شدید دھند کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا حد نگاہ صفر ہو گئی، سڑکیں سنسان ہو گئیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھند میں مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون کم سن بچے سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ ملتان سے خاتون رپورٹر کے مطابق دھند اور پی آئی اے میں جہازوں کی قلت کے باعث ڈیرہ غازیخان، بہاولپور، لیہ اور دوسرے شہروں سے براستہ کراچی جدہ جانے والے بیشتر مسافروں نے گزشتہ روز پی آئی اے ریجنل آفس ابدالی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں فوری کراچی پہنچایا جائے۔ علاوہ ازیں دھند کے باعث کراچی سے آنے والی بیشتر ٹرینیں غیرمعمولی تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ علاوہ ازیں کراچی سے لاہور اور اسلام آباد جانے والی پروازوں کی روانگی میں تاخیر، ٹکٹوں میں ردوبدل اور پی آئی اے کی من مانی کے خلاف مسافروں نے شدید احتجاج کیا اور ”گو پی آئی اے گو“ کے نعرے لگائے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کو دھند کے باعث روکا گیا، پرواز پی کے 306اور پی کے 308کے مسافروں کو ایک ہی پرواز سے بھیجا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران بھی بڑے پیمانے پر بارشیں نہ ہونے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور اسلام آباد ائرپورٹ کی پروازوں کے اوقات متاثر ہوں گے۔ نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث کالاخطائی روڈ پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی اور مسافروں کو شددی مشکلات کا سامنا رہا۔ لودھراں سے خبرنگار کے ماطبق لودھراں میں شدید سردی کے باعث 3بچے دم توڑ گئے۔ دیہی علاقوں سے آنے والے تین بچے سمر اور حسن کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ او ہسپتال لایا گیا مگر وہ دم توڑ گئے، 7سالہ لاریب کے والدین نے بتایا کہ بچی باہر کھیل رہی تھی اچانک حالت خراب ہوئی ہسپتال لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔