ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے کراچی اور بلوچستان میں بجلی کا طویل بریک ڈاﺅن
کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) 500کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر جانے کے باعث کراچی شہر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کا طویل ترین بریک ڈاﺅن ہوا۔ بعض علاقوں کو بجلی اب تک بحال نہیں ہوئی۔ شہر ہفتہ اور اتوار کی شب تاریکی میں ڈوبا رہا۔ زیادہ تر علاقوں کی بجلی دوپہر تک بحال ہونا شروع ہوگئی اور 8 گھنٹے سے زائد بجلی کا بریک ڈاﺅن رہا اور اس کے بعد بحالی کا عمل شروع ہوا۔ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کے بعد کے الیکٹرک کے بجلی گھر بھی بند ہوگئے اور این ٹی ایس سسٹم سے کراچی کو ساڑھے 6 سو میگاواٹ بجلی کی ترسیل بھی رک گئی۔ ذرائع کے مطابق شام تک 11سو میں سے 6 سو فیڈر بحال ہو چکے تھے۔ بجلی جانے سے پولیس کا وائرلیس سسٹم بھی بند ہوگیا اور ہسپتالوں کی بجلی چلی گئی۔ گورنر سندھ عشرت العباد نے بریک ڈاﺅن کا نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی بحالی کا حکم دیا۔ کے الیکٹرک کے مطابق این ٹی ڈی سی کے ترسیلی نظام میں بریک ڈاﺅن کے باعث کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو گزشتہ صبح بجلی کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔ کے الیکٹرک کے مطابق اتوار کی صبح گڈو / دادو کے مقام پر شدید دھند کی وجہ سے این ٹی ڈی سی کی 500kv کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی۔ این ٹی ڈی سی سے 650میگاواٹ کے سسٹم سے نکل جانے کے باعث کراچی شہر میں بجلی کی فراہم معطل ہوگئی۔
بجلی بریک ڈاﺅن