سانحہ پشاور‘ بعض موبائل کمپنیوں کے اہلکار ملوث ہونے کا انکشاف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کو مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے میں بعض موبائل کمپنیوں کے اہلکار ملوث ہیں۔ خفیہ اداروں نے انکے بارے میں تمام معلومات جمع کرلی ہیں۔ انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا سانحہ پشاور کے ذمہ دار دہشت گردوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب بنانے کیلئے مواصلات کی سہولیات فراہم کرنے میں موبائل فون کمپنیوں کے اہلکار ملوث ہیں انکو بھاری رقم ادا کرکے دہشت گردوں کے ساتھ کام کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا سانحہ پشاور میں جو فون سِمیں استعمال ہوئی ہیں انکی تعداد 5 سے زائد تھی اور یہ تمام سِمز ایک خاتون کے نام پر جاری ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا اس حوالے سے چند افراد کو سکیورٹی کے اداروں نے زیر حراست لے لیا ہے اور ان سے تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا دہشت گرد انکو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا سانحہ پشاور کے 24گھنٹے کے اندر خفیہ اداروں نے اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کے بارے میں معلومات جمع کرلی تھیں۔ غیر قانونی سِمز کا اجرا روکنے کیلئے آئندہ ہفتے وزیر داخلہ چودھری نثار کی سربراہی میں ایک اجلاس بھی بلایا جارہا ہے جس میں تمام موبائل فونز کمپنیوں کے مالکان کو طلب کیا جائیگا۔
انکشاف