• news

معاشی بحران کے خاتمے میں چینی تعاون قابل قدر ہے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے 6 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے چینی حکمران کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے نائب وزیر چن فنگ زیانگ کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) ماڈل ٹاﺅن کے سیکرٹریٹ میں حمزہ شہبازشریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑ، انوشہ رحمان، سرانجام خان ، سردار یعقوب خان ناصر، سعود مجید اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں چینی وفد اور مسلم لیگ(ن) کے قائدین کے درمیان کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔ حمزہ شہباز شریف نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور اس مقصد کے حصول کے لئے دہشت گردوںکےخلاف ضرب عضب کے نام سے فیصلہ کن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ہر آزمائش پر پورا اترنے والی لازوال پاک چین دوستی آنے والے وقتوں میں نئی تازگی اور وسعت پائے گی اوراس سے پاکستان سمیت پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ چین کے تعاون سے شروع کئے گئے منصوبے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میںکلیدی کردار اداکریں گے۔ہماری حکومت او رعوام کو چین سے دوستی اور تعاون پر فخر ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہا پاکستان میںدہشت گردی، بے روزگاری اور لاءاینڈ آرڈر کے مسائل کی بڑی وجہ معاشی عدم استحکام ہے۔ ان حالات میں چین کے تعاون سے زیر تعمیر کاشغر تا گوادراقتصادی راہداری کے منصوبے سمیت سرمایہ کاری کے دیگر میگا پراجیکٹس ہر شعبے بالخصوص توانائی اور انفراسٹرکچر میں انقلاب برپا کردیں گے، معاشی صورتحال کی بہتری سے ہمارے ملک میں مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پنجاب میں 64 فیصد سے زیادہ آبادی 30 تا 35 سال عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ان نوجوانوں کو پنجاب حکومت سمال بزنس لونز ،کاشتکاری کیلئے زمین کے قطعات اور ٹریکٹرز کی آسان قسطوں پر فراہمی کے ذریعے روزگارکی فراہمی کیلئے کوشاں ہے تاکہ یہ طبقہ شدت پسند وں کے ہتھے چڑھ کر منفی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوسکے۔ چین پاکستان کیلئے ترقی کا رول ماڈل ہے اور ہماری حکومت ترقی کے چینی ماڈل کو اپناتے ہوئے پاکستان کی خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قانون کی عملداری اور بدعنوان حکومتی عہدیداروں کے احتساب کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔حمزہ شہباز نے کہا پاکستانی عوام چینی صدر ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے شدت سے منتظر ہیں۔ مہمانوں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تاریخ ، ارتقاءاور انتظامی ڈھانچے سے بھی آگاہ کیاگیا۔ چینی وفد کے ارکان نے سانحہ پشاور پر پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اورکہا وہ شہداءکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستانی میزبانوں کا ان کی مہمان نوازی اور عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دینے کے لئے ادارہ جاتی سطح پر حکمران جماعتوں کے نمائندوں کے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ چن فنگ زیانگ نے کہا چین کی حکمران جماعت پوری دنیا پوری دنیا کے 106ممالک کی 600 سے زائد سیاسی جماعتوں سے مسلم لیگ (ن) سے تعلق کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ وفد کے ارکان نے پاکستانی ارکان اسمبلی چینی کیمونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی اٹھارویں اجلاس کے پلینسری سیشن کے بارے میں بھی بریف کیا اور بتایا۔ چین دہشت گردی کو پاکستان کے ساتھ اپنا مشترکہ مسئلہ سمجھتا ہے اور اس مسئلے کے حل میں پاکستان کی پوری مدد کی جائے گی۔ چین کی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) سے پارٹی ٹو پارٹی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ چینی حکومت اور عوام پاکستان کی اقتصادی میدان سمیت ہر شعبے میں ترقی کے متمنی ہیں۔ پنجاب میں ترقی میں وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی کاوشوں اور پیہم جدوجہد نے کلیدی کرداراداکیا ہے ۔ چینی قیادت وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی کارکردگی کو بڑی تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے ۔
حمزہ شہباز

ای پیپر-دی نیشن