سانحہ پشاور کے بعد سیاست نہیں قومی اتحاد کی ضرورت ہے: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کے دھرنے کے معطل یا موخر کرنے کے فیصلے کو خوش آمدید کہتا ہوں، سانحہ پشاور کے بعد سیاست نہیں قومی اتحاد کی ضرورت ہے، موجودہ حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ ملک میں سیاست برائے سیاست کی جائے۔ اسلام آباد عمران خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا عمران خان نے مجھے فون کرکے بلایا اور میرے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کی، میں ان کے کئے گئے فیصلوں کا احترام کرتا ہوں، اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے فیصلہ حکومت نے کرنا ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے۔ سانحہ کے بعد وزیراعظم کا کل جماعتی کانفرنس میں نہ بلانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا دل کتنا چھوٹا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیراعظم نواز شریف میرے سے ہمیشہ خوف زدہ رہتے ہیں۔ وہ ہر اس شخص سے خوف زدہ رہتے ہیں جو سیاسی وژن رکھتا ہو۔ مجھے قومی ایکشن پلان تشکیل دینے والی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں بلایا گیا مگر پھر بھی میرا دل بڑا ہے، اس معاملے پر حکومت کی حمایت کرونگا۔