پھول جیسے بچوں کو شہید کرنا ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے: ایاز صادق
پشاور (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی کے سپیکرسردارایازصادق نے کہاہے کہ پھولوںجیسے معصوم بچوںکوشہیدکرنانہ صرف ایک وحشیانہ فعل ہے بلکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے، اس المناک سانحہ نے پاکستان کے ہرفرد کے دل پرانمٹ نقوش چھوڑے ہیں، ایسے گھنائونے عمل کے مرتکب افرادکسی بھی مذہب سے تعلق تو کیا انسانیت کے زمرے میں بھی نہیںآتے۔ انہوں نے کہاکہ اس دلخراش سانحہ کی مذمت کے الفاظ کم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ ان ننھے پھولوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، دہشت گردوں نے بچوں کو شہید کر کے نہ صرف بربریت و ظلم کی انتہا کر دی بلکہ بہت سے مائوں کی گود اجاڑ دی۔ بعدازاں انہوں نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زخمی طلباء کی عیادت کی اور شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے رہائشگاہ پر انکے بلند درجات اور پسماندگان کو صبر عطا کرنے کیلئے دعا کی۔