• news

ہاکی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس آج ہو گا

لاہور ( سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس آج 23 دسمبر کو لاہور میں ہوگا۔پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول چوہدری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران ملک میں ہاکی کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جنرل کونسل اجلاس میں قومی ٹیم کی ایشیئن گیمز اور بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میںکارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا اور چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے لئے خصوصی انعامات کا اعلان بھی کیا جائے گا اوراس کے ساتھ ساتھ 2015 کے کیلنڈر کی منظوری بھی لی جائے گی۔بجٹ کی حتمی منطوری بھی دی جائیگی۔اس کے ساتھ ساتھ گراس روٹ لیول پرپاکستان میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے نئے پروگرامز کی منظوری بھی لی جائیگی اور اس ضمن میں سابق اؤلمپیئنز کو خصوصی ٹاسک دیا جائیگا۔ اجلاس کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن انچیف وزیراعظم پاکستان سے ملاقات اور پی ایچ ایف کو فنڈز کے اجراء پر بات کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی بھی بنائے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن میں عہدیداروں کے لئے عمر کی حد 70 سال اور سیکرٹری کے لئے 65 سال کی حد مقرر کرنے کی منظوری لی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن