چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، اسلام آباد ہائیکورٹ کی دفتری اعتراضات دور کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) سردار رضا کی بطور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیخلاف اعتراضات ایک ہفتے میں دور کرنے کا حکم دیدیا۔ شاہد اورکزئی نے سردار رضا کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا تاہم رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا، اس تقرری سے درخواست گزار کا حق متاثر نہیں ہوا اسلئے انہیں مقدمہ دائر کرنے کا حق نہیں۔ قبل ازیں عدالت عالیہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیخلاف ایک درخواست پہلے ہی مسترد کرچکی ہے۔ منگل کو جسٹس نور الحق این قریشی نے درخواست پر اعتراضات کی سماعت کی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے میں دفتری اعتراضات کو دور کرے جس کے بعد درخواست کی سماعت کی جائیگی۔ فاضل جسٹس نے درخواست گزار کو اپنی معروضات تحریری طور پر عدالت میں داخل کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔