ایف آئی اے نے رواں سال 475 غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج قبضہ میں لیں
لاہور (سید شعیب الدین سے) پاکستان میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والی غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینجوں کے خلاف مہم کئی برسوں سے چل رہی ہے مگر رواں سال ایف آئی اے نے اس غیرقانونی کاروبار کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی اور گزشتہ روز تک لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، جھنگ، بہاولپور ڈویژنوں میں 75مقامات پر چھاپے مارکر 475غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج قبضہ میں لیں۔ ان غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج چلانے والوں کیخلاف 75مقدمات درج کئے گئے اور 86افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان چھاپوں میں جہاں لیپ ٹاپ، کمپیوٹرز اور غیرقانونی گیٹ وے مشینری قبضہ میں لی گئی وہیں مختلف کمپنیوں کی 37395موبائل فون سم قبضہ میں لی گئیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سمیع الرحمن جامی، شاہد حسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں آصف، جمیل احمد میو اور دیگر افسران نے پی ٹی اے کے تعاون سے سارا سال غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینجوں کا سراغ لگایا۔ ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تخمینے کے مطابق ان غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینجوں نے 6لاکھ 60ہزار 210ڈالر کا نقصان پہنچایا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔