• news

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جنوری کے پہلے ہفتے میں بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، مشترکہ اجلاس سے قومی ایکشن پلان کی منظوری لی جائیگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سانحہ پشاور پر بھی بحث ہوگی، مشترکہ اجلاس سینٹ کا اجلاس ختم ہونے کے بعد طلب کیا جائیگا۔ مشترکہ اجلاس میں تحریک انصاف کو بھی شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ مشترکہ اجلاس جنوری کے پہلے ہفتے میں بلانے پر غور ہو رہا ہے جبکہ 5 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ ایوان بالا و ایوان زیریں کا مشترکہ اجلاس 5 جنوری سے قبل طلب کئے جانے کا قوی امکان ہے جس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کی حکمت عملی بارے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ پارلیما ن کی ایکشن پلان کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوچکا ہے جس میں ماہرین کی ورکنگ گروپ کمیٹی کی جانب سے بھجوائی گئی سفارشات پر غور کیاگیا ہے۔ دریں اثنا سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان کے حوالے سے فوری پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں بلایا جا رہا تاہم اگر اسکی ضرورت محسوس ہوئی تو مناسب وقت پر اسکا فیصلہ کیا جائیگا۔ ذرائع نے فوری اجلاس بلانے کے حوالے سے میڈیا اطلاعات کو غلط قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن