پاکستان سے تعلقات کیلئے بی جے پی اپنا ایجنڈا قائم کریگی: بھارتی وزیر داخلہ
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کا ہمسایہ ملک ہے اور اس کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کیلئے بی جے پی اپنا ایجنڈا قائم کریگی۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے کشمیر میں دفعہ 307کی مخالفت کی انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیر میں غربت ہے عوام کی بنیادی سطح پر مشکلات ہیں ، بے روزگاری ہے اور دفعہ 370 کی وجہ سے اس میں کمی کی بجائے اس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے انہوںنے کہا کہ بی جے پی دفعہ کیخلاف نہیں ہے بلکہ اگر کوئی ہمیں یہ سمجھائے اور دکھائے کہ اس دفعہ کی وجہ سے کشمیر میں کوئی فائدہ ہوا ہے تو بی جے پی ریاست میں نافذ دفعہ 370 کی مخالفت نہیں کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کشمیر میں اس دفعہ کی وجہ سے مشکلات ہی پیدا ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر کسی کو فائدہ نظر آرہا ہے تو ہمیں بتا دے انہوں نے کہا کشمیر میں خصوصی پوزیشن کے حوالے سے بحث کیلئے تیار ہیں۔