• news

گیس کا بحران جاری ، لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ بلاک

اسلام آباد+لاہور+ گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) سوئی کے مقام پر گیس پلانٹ میں ہونے والی خرابی گزشتہ روز بھی ٹھیک نہ ہو سکی، سوئی ناردرن کے سسٹم میں گیس چوتھے روز بھی بحال نہ ہو سکی۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس کی بندش کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ گوجرانوالہ میں مظاہرین نے احتجاج کے دوران جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔ تفصیل کے مطابق سوئی پروسیسنگ پلانٹ میں ہفتہ کے روز آتشزدگی سے بوائلر اور 16انچ قطر کی گیس پائپ لائن بحال نہ ہونے کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے شہری گزشتہ روز بھی شدید مشکلات سے دوچار رہے۔ سوئی ناردرن کے سسٹم میں گیس چوتھے روز بھی بحال نہ ہو سکی اور لاہور اور اسکے مضافات میں گیس مکمل بند رہی جس کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق پی پی ایل، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی مشترکہ ٹیمیں گیس بحالی کا کام کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز بھی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے۔ ایم ڈی سوئی گیس ناردرن گیس پائپ لائنز عارف حمید نے میڈیا کو بتایا کہ سو ئی میں گیس پروسیسنگ ہماری نہیں پی پی ایل کی ملکیت ہے ہم تو اس کی جلد از جلد بحالی میں بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پلانٹ کو پورے پریشر سے چلانے میں24گھنٹے اور سوئی سے پنجاب گیس پہنچنے میںمزید 8گھنٹے درکار ہیں جبکہ امید ہے کہ آج بدھ کی رات تک اس پلانٹ کا پریشر بحال ہونے سے گھریلو صارفین اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو ریلیف مل سکے گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چندا قلعہ‘ گرجاکھ‘ فیروزوالہ اوردیگر علاقوں کے مکینوں نے گیس بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور جی ٹی روڈ کو دو گھنٹے تک بلاک کئے رکھا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق تین ہفتوں سے مسلسل سوئی گیس کی بندش کی وجہ سے شہریوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے گیس کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر کے باعث اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے، گھریلو صافرین گیس نہ آنے اور انتہائی کم پریشر کی وجہ سے گھروں میں کھانا پکانے سے قاصر ہو گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی و گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بدترین صورتحال اختیار کر گئی، روزانہ شہریوں کو سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹلوں یس کھانا منگوانا پڑ رہا ہے جبکہ بجلی کی روزانہ 15گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں سوئی گیس کا بھی پریشر کم ہو تا جا رہا ہے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق ایک ہفتہ سے آدھے سے زائد شہری علاقوں میں سوئی گیس کی مسلسل بندش کے باعث شہریوں کے گھروں کے چولہے بند ہو گئے جبکہ گزشتہ روز 10 بجے کے قریب گورئمنٹ کالونی ،سیٹھ کالونی،حسین کالونی ،صابری کالونی اور 54ٹو ایل کی رہائشی سینکڑوں خواتین نے اپنے بچوں کے ہمراہ سوئی گیس دفتر کا گھیرائو کر لیا جن کو دیکھتے ہی سوئی گیس کے ملازمین اور افسران نے گیٹ بند کروا دئیے جس پر خواتین مشتعل ہو گئیں اور گیٹ پر ڈنڈے برساتے ہوئے اس کو زبردستی کھلوا لیا اور دفتر کے اندر دھرنا دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اور سینہ کوبی کی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق درجنوں خواتین اور بچوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اکثر علاقوں میں کئی روز سے گیس بند ہے۔ گزشتہ روز نشاط آباد پل کے قریب شہریوں نے غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج میں مردوخواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ مظاہرین نے مین شیخوپورہ روڈ کی ٹریفک بند کر کے سوئی ناردرن گیس انتظامیہ کیخلاف بھرپور احتجاج کیا۔ علاوہ ازیں لاہور میں گیس کی بندش کے باعث لوگ کھانے کے حصول کیلئے ہوٹلوں کا رخ کرنے لگے اور گیس کی مکمل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا اور انہوں نے متبادل کے طور پر لکڑیوں اور ایل پی جی سلنڈر کا سہارا لینا شروع کر دیا، گیس کی بندش پر شہریوں نے گزشتہ روز مون مارکیٹ، گلشن بلاک، اقبال ٹائون، یتیم خانہ اور بند روڈ پر احتجاج کیا۔ مون مارکیٹ میں صارفین نے ٹائر جلاکر احتجاج کیا اور سوئی گیس اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سوئی پلانٹ میں خرابی دور کر دی گئی 6سے 8گھنٹے میں گیس کی سپلائی بحال ہو جائیگی، خرابی دور ہونے سے 360ملین کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل ہو جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن