• news

سردی کی لہر برقرار، شدید دھند، لاہور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا

لاہور+ کراچی+ گلگت (خبرنگار+ سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سردی کی لہر گزشتہ روز بھی برقرار رہی جبکہ شدید دھند کے باعث گزشتہ روز بھی لاہور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا اور کئی پروازیں شدید متاثر ہوئیں۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش سے سردی مزید بڑھ گئی، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دْھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹر وے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ڈرائیورز دھند چھٹنے تک جی ٹی روڈ کا راستہ اختیار نہ کریں ، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم سرد ہوگیا۔ لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ادھر گلگت بلتستان میں استور، غذر اور قریبی علاقوں میں تیسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری۔ علاوہ ازیں منگل کی شام دھند نے لاہور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیا اور کئی پروازیں متاثر ہوئیں۔ اسلام آباد سے آنیوالی پرواز کو واپس اسلام آباد بھجوا دیا گیا۔ پی کے 471کو کراچی بھجوا دیا گیا۔ امارات ائرلائنز کی پرواز جس نے پونے 12بجے لاہور اترنا تھا۔ آج صبح گیارہ بجے لینڈ کرے گی اور 12بجے واپس ابوظہبی روانہ ہو گی۔ قطر ائرلائنز بھی رات دو بجے کی بجائے صبح 8بجے لاہور پہنچ جائے گی اور ساڑھے نو بجے روانہ ہو گی۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع میں شدید دھند رہے گی۔ موٹر وے M-2کے گردونواح (لاہور تا پنڈی بھٹیاں سیکٹر) میں آج شدید دھند جبکہ M-1(پشاور تا برہان سیکٹر) میں دھند کا امکان ہے۔ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ گزشتہ روز بھی ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم رہے۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 8ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

ای پیپر-دی نیشن