31 دسمبر 2015ء تک افغان مہاجرین کی مکمل واپسی چاہتے ہیں: عبدالقادر بلوچ
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی افغانستان میں آباد کاری کرے۔ 31 دسمبر 2015ء تک افغان مہاجرین کی واپسی کی گارنٹی نہیں دے سکتے۔ منگل کو عبدالقادر بلوچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور سمیت کسی بھی خودکش حملے اور دہشت گردی میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین ملوث نہیں۔ 31 دسمبر 2015ء تک افغان مہاجرین کی مکمل واپسی چاہتے ہیں مگر واپسی کی گارنٹی نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ افغان جنگ میں پڑوسی کی حیثیت سے مہمان نوازی کا بھرپور حق ادا کیا ہے، 30 لاکھ افغان مہاجرین اب بھی پاکستان میں موجود ہیں جن کو یونیسف کی مدد سے واپس بھجوایا جا رہا ہے۔ عبدالقادر بلوچ یو این ایچ سی آر کو افغان مہاجرین کی افغانستان میں آباد کاری کی تجاویز دی ہے۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تقریباً 70 فیصد طالبان نے کبھی بھی کسی مدرسے سے تعلیم حاصل نہیں کی اور ان میں سے بیشتر کا مدرسوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اگر کسی بھی مدرسے کا دہشت گردی کو فروغ دینے میں کردار پایا گیا تو اسکے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلام امن و آتشی کا دین ہے اور ہمارے دین میں کسی بھی معصوم شخص کو قتل کرنے کی اجازت نہیں۔