• news

مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار جوش و جذبے سے منائیگی

لاہور (خصوصی نامہ نگار +  خصوصی رپورٹر) دنیا بھر کی طرح پاکستان کی مسیحی برادری آج (جمعرات) 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منائے گی، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات منعقد ہونگی، جن میں ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی عائیں مانگی جائیں گی۔ چرچوں میں تقریبات کا آغاز گزشتہ شب 12 بجے  ہوا جو آج شام چھ بجے تک جاری رہیں گی۔ صوبائی دارالحکومت میں مسیحی برادری کے بڑے مذہبی اجتماعات کتھیڈرل چرچ، سینٹ اینتھونی چرچ اور ڈان باسکو چرچ میں ہونگے۔ کرسمس  کے موقع پر اپنے الگ الگ  پیغامات  میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب  شہباز شریف، پیپلز پارٹی  کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کرسمس دنیا بھر میں بھائی چارے، دوستی اور مکمل سچائی کے فروغ کی  علامت بن چکی ہے۔ وزیراعظم  نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ  بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ  کے دئیے گئے اس قابل  قدر عزم پر عمل پیرا رہنے  کا عزم کرتا ہوں  جس  میں انہوں نے اقلیتوں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنے کا واشگاف  الفاظ میں عزم کیا تھا، میری  حکومت نے تمام پاکستانیوں  بشمول  ہماری اقلیتوں  کی بقاء کے تقدس کو محفوظ  رکھنے اور برابری  کے مواقع دینے  کیلئے خود کو وقف کر رکھا ہے۔ میں  قومی ترقی خاص  طور پر تعلیم اور صحت کے شعبہ میں مسیحی  برادری کے اہم کردار کو تسلیم کرتا ہوں اور ان کا شکریہ بھی ادا کرنا چاہتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیرو ترقی، ملک کے استحکام، تعلیم اور صحت عامہ کے فروغ کے حوالے سے نمایاںکردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی تعمیر وترقی اور سماجی شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے۔ بلاشبہ ملک کی ترقی کے حوالے سے مسیحی برادری کی قابل ستائش خدمات ان کی حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے کہا کہ تمام مذاہب امن اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات میں اس پر خاص طور پر زور دیا گیا ہے۔ تمام اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان ومال کا تحفظ، مذہبی آزادی اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں ٹھوس اور جامع حکمت عملی اپنائی ہے۔  صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت نے تمام عقائد کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پالیسیوں پر عمل پیرا ہونے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ مذہب کے نام پر دوسرے عقائد کے لوگوں  پر ظلم و ستم کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب  انسانیت کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر کام کریں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ  یہ انتہائی دکھ کا مقام ہے کہ کرسمس کے قریب دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو قتل کیا جو صرف تعلیم حاصل کرنا چاہتے تھے اور آگاہی اور ترقی کے طلبگار تھے۔ آج جتنی ضرورت محبت، درگزر اور مفاہمت کی درپیش ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ مسیحی برادری قانون پر پابندی کرنے والی برادری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن