• news

دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں کا اتفاق تاریخی اقدام ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی قیادت نے مثالی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا، دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں کا اتفاق تاریخ ساز اقدام ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قومی قیادت نے مثالی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے، اتحاد اور یگانگت کی قوت سے دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے جس پر پوری پاکستانی قوم اشکبار ہے، سفاکیت کے ایسے اندوہناک واقعے کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، مائوں کی گودیں اُجاڑنے والے سفاک قاتلوں کا یوم حساب آ گیا ہے۔ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردوں کا ناپاک وجود دھرتی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مٹا کر دم لیں گے۔ پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا، دہشت گردی کا ناسور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے زہر قاتل ہے۔ آخری دہشت گردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ وہ فرانس کی سفیر مارٹین ڈورینس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ فرانسیسی سفیر نے سانحہ پشاور کی مذمت کرتے ہوئے معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے فرانسیسی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے یکجا ہو چکی ہے، سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں فیصلہ کن کارروائی کیلئے پُرعزم ہے، 40 ہزار سے زائد پاکستانی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں نچھاور کر چکے ہیں جن میں افواج پاکستان کے افسران، جوان، پولیس حکام، اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کی اقوام عالم میں نظیر نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔اگرچہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں تاہم یورپی یونین کا اہم ملک ہونے کے حوالے سے فرانس کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا وقت کا تقاضا ہے۔ فرانسیسی سفیر مارٹین ڈورینس نے کہا کہ فرانس پاکستان سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات مزید بڑھانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ مزید برآں شہبازشریف نے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ میاں اللہ نواز کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن