• news

بھارت کی ناانصافیوں کیخلاف آواز بلند کر دی : مشرف جنجوعہ‘ اکمل ڈوگر

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بھارت کی نا انصافی کے خلاف خواتین کے بعد مرد کھلاڑیوں نے بھی احتجاج کی آواز بلند کر دی ہے۔ قومی کبڈی ٹیم کے نامور کھلاڑیوں اکمل شہزاد ڈوگر اور مشرف جاوید جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کبڈی ٹیم نے ورلڈ کبڈی لیگ اور کبڈی ورلڈ کپ سے بہت تجربہ حاصل کیا ہے جس کا فائدہ ٹیم کو 2015ء میں ہونیوالے ایونٹس میں ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کیخلاف غلط فیصلے دیئے گئے جس سے کھیل کو نقصان پہنچا ہے، بھارت نے اگر سپورٹس کو فروغ دینا ہے تو وہ تعصب سے ہٹ کر میرٹ پر مقابلوں کا انعقاد کرائے، بھارتی انتظامیہ نے بھی بے ایمانی کی انتہا کردی، فائنل میں بھارت کے تمام کھلاڑی اپنے جسموں پر بام مل کر کھیلے جو کہ سراسر غلط ہے، ہم نے میچ کے دوران بھی احتجاج کیا مگر ہمارے ساتھ بدتمیزی کی گئی،پاکستان کے بغیر کبڈی کا کوئی بھی عالمی ایونٹ منعقد نہیں ہوسکتا، بھارت کو اصولوں اور قوانین کے مطابق ایونٹ منعقد کرانے چاہئیں، سب نے دیکھا کہ میچ کے شروع سے لیکر آخر تک پاکستان کا پلہ بھاری رہا مگر جونہی بھارت نے برتری حاصل کی ریفری نے میچ ختم کرادیا اگر پورا وقت دیا جاتا تو ہم برتری ختم کرکے میچ جیت جاتے۔

ای پیپر-دی نیشن