صرف 600 دہشت گردوں کو پھانسی، عام مجرموں کو سزائے موت سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، سپریم کورٹ میں آئینی درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) دہشت گردوں کو پھانسیوں پر لٹکانے اور سزائے موت کے عام قیدیوں پر سزا کے اطلاق کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سزائے موت کے خاتمے کے حوالے سے کنونشن پر دستخط کر چکا ہے، پاکستان نے یورپی یونین کی جانب سے سزائے موت پر پابندی کی شرط بھی قبول کر رکھی ہے۔ اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کرنے کے بعد سزائے موت کا اطلاق سزائے موت کے منتظر عام قیدیوں پر نہیں ہوتا۔ فوجی عدالتوں سے سزائیں پانے والے اور دہشت گردی میں سزائے موت کے چھ سو کے قریب قیدیوں کو پھانسیاں دینے کے حوالے سے وزیر اعظم پہلے ہی حکم صادر کر چکے ہیں، صرف چھ سو دہشت گردوں کو ہی سزائے موت دی جائے جبکہ دیگر جرائم میں سزائے موت پانے والے عام مجرموں کو سزائے موت سے مستثنی قرار دیا جائے۔