• news

مظفر آباد: نیلم جہلم پراجیکٹ کا آہنی ستون گرنے سے چینی انجینئر،3 پاکستانی ورکر جاں بحق

مظفر آباد + لاہور ( نمائندہ خصوصی + کامرس رپورٹر + خصوصی رپورٹر) مظفر آباد میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا زیر تعمیر ستون گرنے سے چینی انجینئر سمیت 4 افراد جاں بحق 6 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مظفر آباد سے 27 کلو میٹر دور نوسیری کے مقام پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران کرین کے ذریعہ لوہے کا بنا ستون اوپر اٹھایا جارہا تھا اچانک اس کا ایک حصہ ٹوٹ کر نیچے آگرا جس کے نیچے دب کر چینی انجینئر اور3 پاکستانی ورکر شاہ زمان سجاد شاہ اور محمد اشرف جاں بحق چینی انجنیئر سمیت 6 شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ایک زخمی کی حالت خطرے میں ہے۔ جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ حادثے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جبکہ قریبی آبادیوں سے اپنے پیاروں کی خیریت معلوم کرنے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ واضح رہے کہ دریائے نیلم پر ایک ہزار میگاواٹ کے پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد فروری 2008ء میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے رکھا تھا۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ حادثے میں ایک چینی انجینئر اور 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن