• news

حکومت، تحریک انصاف مذاکرات آج ہونگے، قومی اسمبلی میں جانے کا فیصلہ نہیں ہوا: عارف علوی

اسلام آباد (آئی این پی + بی بی سی) دہشت گردی پر کل جماعتی کانفرنس کے سلسلہ میں حکومتی شخصیات کی مصروفیات کے باعث حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات دو بار ملتوی ہونے کے بعد آج جمعہ کو ہونگے۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمشن کے قیام پر رضامند ہونے پر (آج) جمعہ کو ہونے والے مذاکرات کے بعد اہم اعلان متوقع ہے۔ بی بی سی کے مطابق تحریک انصاف کا کہنا ہے ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کے لیے مطلوبہ قانون سازی کے مرحلے پر ان کی جماعت نے اپنے منتخب ارکان کے استعفے واپس لیتے ہوئے قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان عارف علوی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا فوجی عدالتوں کی تشکیل کے لیے مسودہ قانون کی تیاری کے مرحلے میں جماعت نے اپنی شمولیت پر رضامندی ظاہر کر دی ہے تاہم ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے پی ٹی آئی دھرنے کے بعد استعفے بھی واپس لے گی یا نہیں۔ عارف علوی نے بتایا فوجی عدالتوں کی تشکیل کا مسودہ قانون مرتب کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے رکن حامد خان کا نام دے دیا گیا تھا۔ کیا پی ٹی آئی کے ارکان فوجی عدالتوں کے لیے آئین سازی میں بطور رکن اسمبلی حصہ لیں گے؟ اس سوال پر عارف علوی نے کہا فی الحال پارلیمنٹ میں جانے کا کوئی امکان نہیں۔ فی الحال ہماری جماعت کا فیصلہ یہ ہے جب تک تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ نہیں آجاتی تب تک ہم پارلیمیٹ میں نہیں جا رہے،جماعت اس پر نظر ثانی کرے گی تو پھر ہی اس کا امکان ہوگا۔ عارف علوی کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی تشکیل، اس کے قانون اور اصول و ضوابط پر آج جمعے کو بات ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن