• news

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے جوش وخروش سے کرسمس کا تہوار منایا

لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے گزشتہ روز کرسمس کا تہوار روایتی، مذہبی جوش و خروش منایا، کلیسائوں میں خصوصی تقریبات اور عبادات کا اہتمام کیا گیا تھا،  گرجا گھروں میں ہونے والی خصوصی سروس میں ملکی ترقی ، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں،  اس موقع پر سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، پولیس سمیت گرجا گھروںمیں نجی سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے۔ صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں میں تقریبات کے انعقاد کے ساتھ مسیحی برادری نے گھروں میں چراغاں کیا اور کرسمس ٹریز لگائے۔ سردی کے باوجود رنگ برنگ کپڑوں اور ملبوسات میں لوگ اپنے اپنے انداز میں کرسمس کادن مناتے رہے جبکہ تفریحی مقامات، پارکوں اور سینما گھروں میں بھی عوام الناس کا رش رہا۔ لاہور  میں مسیحی برادری کے بڑے مذہبی اجتماعات نولکھا چرچ، کیتھڈرل چرچ، سینٹ انتھونی چرچ اور ڈان باسکو چرچ میں ہوئے۔ علاوہ ازیں دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، نارووال اور منڈی بہائوالدین کے 712 گرجا گھروں میں3 ہزار 538 کانسٹیبل اور 749 پولیس افسران نے ڈیوٹی سرانجام دی۔ ادھر ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی مرکزی تقریب میں مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے ہزاروں عقیدت مندوں کے ساتھ دعائیہ سروس منعقد کرائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس کا کہنا تھا دنیا کو اس وقت محبت اور گرم جوشی کی ضرورت ہے۔ لوگ اپنے دل و دماغ کھلے رکھیں اور دوسروں کے ساتھ بھلائی سے پیش آئیں۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ  اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے اچھائی سے پیش آئیں۔ انہو ں نے اپنے خطاب میں دنیا بھر میں بسنے والے  پیروکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بدعنوانی اور تیرگی سے چھٹکارے کے لیے خدا کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں۔ پوپ فرانسِس نے کہا کہ کرسمس خدا کے اس پیغام کو یاد کرنے کا وقت ہے کہ امن بدعنوانی اور اندھیرے سے طاقت ور ہے۔علاوہ ازیں کرسمس کے موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کرسمس کے موقع پر تقریبات اور 481 چرچوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن