تھر میں غذائی قلت نے مزید 7 بچوں کی جان لے لی
تھرپارکر (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) تھرپارکر کے علاقے میں غذائی قلت برقرار ہے جس کے باعث گزشتہ روز مزید 7 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد 85 روز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 242 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز گائوں سومارنوڑی میں نومولود جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں گاؤں پاڑہ کالونی میں غذائی قلت سے بیمار ایک بچہ دم توڑ گیا، سول ہسپتال مٹھی سے حیدرآباد منتقل ہونے والے ڈیڑھ سالہ عابد اور مٹھی کے گاؤں پنج پڑا میں 20 دن کی بچی آمنہ دم توڑ گئی جبکہ سول ہسپتال مٹھی میں 50 بچے زیرعلاج ہیں۔ دوسری جانب امدادی گندم کی تقسیم سست روی کا شکار ہو گئی، دیہاتی علاقوں کے متاثرین امدادی گندم اور امداد کے منتظر ہیں۔