2013ءکے الیکشن نتائج تسلیم کرکے غلطی کی: یوسف رضا گیلانی
حجرہ شاہ مقیم/ راجوال/ رینالہ خورد (نامہ نگاران) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک منظم جماعت ہے، پارٹی کو چھوڑ کر جانے والے فصلی بٹیرے ہیں، بلاول اور زرداری کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حجرہ آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سجادہ نشین دربار حضرت میراں بہاول شیر قلندر سید اعجاز علی گیلانی کی والدہ ممبر پنجاب اسمبلی سید رضا علی گیلانی کی دادی کی وفات پر ان کے گھر جاکر فاتحہ خوانی کی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ عمران خاں مفاہمت کی سیاست پر پارلیمنٹ میں اپنے مطالبات پیش کرتے ہیں تو پیپلزپارٹی ان کی حمایت کرے گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے درمیان کوئی اختلافات نہ ہیں اگر بلاول کی صحت ٹھیک ہوئی تو وہ بے نظیر بھٹو کی بر سی میں شرکت کریں گے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف تمام سیاسی قوتیںا یک ساتھ کھڑی ہیں اور وہ خصوصی عدالتوں کے قیام کی حمایت کرتی ہیں۔ پارٹی میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کو نہیں بدلا جا رہا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان ہونےوالے مذاکرات میں پیپلز پارٹی شامل ہے ہم نے 2013کے الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرکے غلطی کی تھی آئندہ اصلاحات کی حمایت کرتی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ سابق وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری اور اشرف خاں سوہنا بھی موجود تھے۔
یوسف رضا گیلانی