مسافر بس اغوا کرکے جنوبی وزیرستان لے جانے کی کوشش ناکام
ٹانک (آئی این پی) قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مسافربس مبینہ طورپراغوا کرکے جنوبی وزیرستان لے جانے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ ملزم قریبی جنگل میں فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو علی الصبح چھدرڑ کے علاقے سے کلاشی جانے والی بس کومسافروں سمیت اغوا کر لیا گیا جس کی اطلاع مقامی پولیس کو کردی گئی۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی اور اِسی دوران ٹانک واناروڈ پر درہ مٹھوکے مقام پر پولیس اور بس آمنے سامنے آگئی ، پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کے بعد ملزم بس چھوڑ کر قریبی جنگل میں فرار ہوگیا۔ ڈی پی او کفایت اللہ نے بتایاکہ بس میں موجود خواتین ، بچے اور دیگر مسافر محفوظ ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔پولیس اور بس انتظامیہ کے مطابق ملزم پہلے مذکوہ بس کا ڈرائیور تھا اوراب اْس کا دماغی توازن درست نہیں۔