پنڈی بھٹیاں: طبی امداد نہ ملنے پر نوجوان جاں بحق، ورثا کا ہسپتال انتظامیہ کیخلاف مظاہرہ
حافظ آباد+پنڈی بھٹیاں (نمائندہ نوائے وقت +نامہ نگار) تحصیل ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی اور بروقت طبی امداد نہ ملنے پر نوجوان دم توڑ گیا، متوفی کے ورثاء نے نعش ہسپتال کے باہر رکھ کر ڈاکٹروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔کینسر کے مرض میں مبتلا 29 سالہ خرم نواز کو تشویشناک حالت کے پیش نظر تحصیل ہسپتال پنڈی بھٹیاں لایا گیا جہاں نہ تو کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود تھا اور نہ ہی خرم نواز کو بروقت طبی امداد کی گئی، ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد خرم نواز نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی جس پر متوفی کے رشتہ داروں نے نعش ہسپتال کے سامنے رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے خلاف نعرہ بازی کی۔ متوفی کے رشتہ داروں کا کہنا تھا ایک گھنٹہ تک نہ تو ڈاکٹر انکے مریض کو چیک کرنے آیا اور نہ ہی اسے بروقت طبی امداد دی گئی جس وجہ سے وہ دم توڑ گیا۔ مظاہرین نے غفلت برتنے پر ڈاکٹروں اور متعلقہ عملہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔