• news

سپریم کورٹ کے 4ججز پیر سے دہشت گردی مقدمات کی نگرانی کریں گے

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ کے چار سینئر ترین ججز دہشت گردی سے متعلقہ مقدمات کی نگرانی کا آغاز پیر29دسمبر سے کریں گے جبکہ سپریم کورٹ میں مختلف کٹیگریز کے تقریباً 20ہزار مقدمات تاحال زیر التواء ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد ایس خواجہ کو چیف جسٹس پاکستان نے خیبر پی  کے میں زیر التواء فوجداری مقدمات کی نگرانی کا کام سونپا ہے جبکہ جسٹس انورظہیر جمالی پنجاب میں، جسٹس اعجاز افضل خان بلوچستان اور جسٹس میاں ثاقب نثار سندھ میں زیرالتواء مقدمات کی جلد سماعت کے لئے نگران  کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے یہ اضافی ذمہ داریاں انہیں ملک میں دہشت گردی سے متعلقہ مقدمات کو جلد سے جلد نمٹانے کے لئے دی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے قریبی ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ناصرالملک نے پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ مارچ 2015ء تک زیادہ ترمقدمات نمٹا دئیے جائیں۔ سپریم کورٹ خود بھی اسی ہدایت پر عمل کرے گی اور پہلی فرصت میں سولہ سو مقدمات نمٹائے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقدمات کو اگلے ہفتے مقدمات کی کازلسٹ میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن